ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میونسپالٹی کا ایڈمنسٹریشن مکمل طور پر ختم، واپس پٹری پرلانے نئے میونسپل چیف پرویز قاسمجی نے رابطہ سوسائٹی کو دیا تیقن

بھٹکل میونسپالٹی کا ایڈمنسٹریشن مکمل طور پر ختم، واپس پٹری پرلانے نئے میونسپل چیف پرویز قاسمجی نے رابطہ سوسائٹی کو دیا تیقن

Thu, 05 Nov 2020 22:02:50    S.O. News Service

 بھٹکل 5 نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل  ٹاون میونسپالٹی میں ایڈمنسٹریشن مکمل  طور پر ختم ہوچکا ہے، اسٹاف پر کسی کا کنٹرول نہیں ہے،  اسٹاف پر کنٹرول رہے گا تو شہر کا کام  اور تمام اُمور صحیح ڈھنگ سے چلیں گے، میری توجہ اس جانب رہے گی کہ اسٹاف اپنا کام بخوبی نبھائیں میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ بھٹکل کی میونسپالٹی کو میں واپس پٹری پر لاوں گا.یہ بات بھٹکل میونسپالٹی کے نئے چیف پرویز قاسمجی نے کہی۔ وہ یہاں رابطہ سوسائٹی دفتر میں  خلیج کونسل کے ذمہ داران کے ساتھ  منعقدہ تہنیتی پروگرام میں خطاب کررہے تھے۔

نو منتخب صدر پرویز قاسمجی نے پورے یقین کے ساتھ  بتایا کہ اگلے چند دنوں کے اندر عوام میونسپالٹی میں فرق محسوس کریں گے اورآپ کو یہ بھی محسوس ہوگا کہ میونسپالٹی واپس اپنی پٹری پر آرہی ہے۔  انہوں نے بھروسہ دلایا کہ گلف کونسل کے ذمہ داران نے جن مسائل پر ان کی توجہ مبذول کرائی ہے، اُن تمام کو حل کرنے اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

مچھلی مارکٹ کی منتقلی، عیدگاہ کے باہر  کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کا مسئلہ، غیر قانونی باکڑوں کو  ہٹانے کا معاملہ، ڈرینیج سسٹم،  شہر کی صفائی ستھرائی،نئے فورلائن  ہائی وے سے  پیش آنے والی مشکلات  اور اس جیسے بہت سارے مسائل جن کا تذکرہ ان کے سامنے کیا گیا تھا، جناب پرویز قاسمجی نے کہا کہ  ان کے سامنے بھلے ہی لسٹ بہت بڑی پیش کی گئی ہے، لیکن اپنے تمام 23 کونسلروں کی حمایت حاصل کرتے ہوئے وہ ان  اُمور کو حکمت کے ساتھ حل کرنے  اپنی جانب سے ہرممکن کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ آج جمعرات صبح  بھٹکل میونسپالٹی میں ہوئے صدارتی انتخاب میں تنظیم کے اُمیدوار جناب قاسمجی پرویز بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے، اسی طرح تنظیم کے ہی اُمیدوار قیصر محتشم بھی بلامقابلہ نائب صدر کے عہدہ پر منتخب ہوئے تھے، ان دونوں کے منتخب ہونے پر رابطہ سوسائٹی کی جانب سے  بعد نماز مغرب ان کے لئے استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں ان دونوں کو پھولوں کا ہار پہنایا گیا ۔ اس موقع پر رابطہ سوسائٹی کے سابق صدر محمد صادق پلور نے ان دونوں کا استقبال کرتے ہوئے بھٹکل کے مسائل پیش کئے،  سابق جنرل سکریٹری ایس جے ہاشم اور محی الدین رکن الدین کوچوباپا نے بالترتیب صدر اور نائب صدر کو پھولوں کا ہار پیش کیا۔ رابطہ سوسائٹی کے سکریٹری مولوی تنویر جوشیدی سمیت  خلیجی جماعتوں کے کافی ذمہ داران  بھی موجود تھے۔جلسہ میں میونسپل نائب صدر قیصر محتشم نے بھی اپنے تاثرات پیش کئے۔

خیال رہے کہ اسی طرح کا ایک تہنیتی اور استقبالیہ پروگرام سن شائین اسپورٹس سینٹر کی طرف سے بھی منعقد کیا گیا تھا جس میں غوثیہ اسٹریٹ اور اطراف کے علاقوں میں ڈرینیج سسٹم اور سینکڑوں کنووں کے خراب ہونے کے تعلق سے  نو منتخب صدر کی توجہ مبذول کرائی گئی تھی۔


Share: